بی جے پی نے کانگریس لیڈرپر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کا الزام لگادیا،مقدمہ درج
نئی دلی:
بھارت میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی پاکستان کے خلاف نفرت عروج پر ہے اور بی جے پی نے پارلیمنٹ کے ایوان بالاراجیہ سبھا کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے کانگریس لیڈر نصیر حسین اور پارٹی کے دیگر کارکنوں کے خلاف پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کا الزام لگایاہے۔بنگلورو پولیس نے بی جے پی کی شکایت پر نصیر حسین اور کانگریس کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منگل کو کانگریس نے ریاست کرناٹک میں راجیہ سبھا کی 4میں سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتاپارٹی نے کانگریس پارٹی کے کارکنوں پر اسمبلی میں جیت کا جشن منانے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کا الزام لگایا ہے اوراس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرایا ہے ۔ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے فورا بعد بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے نصیرحسین کی جیت کا جشن مناتے ہوئے کانگریس کارکنوں کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے اورپاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے کا الزام عائد کیا ہے ۔مالویہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کرناٹک سے راجیہ سبھا کاانتخاب جیتنے کے بعد کانگریس لیڈرنصیر حسین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہاکہ کانگریس کا پاکستان کے ساتھ جنون خطرناک ہے، یہ بھارت کو تقسیم کی طرف لے جا رہا ہے اور ہم اسے برداشت نہیں کرسکتے۔مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر اور سی ٹی روی سمیت کئی دیگر بی جے پی رہنمایوں نے بھی ایسے ہی دعوے کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کی ہیں۔