”یواین ایچ سی آر“ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کی رکنیت معطل کر ے،مشعال
اسلام آباد 10 نومبر (کے ایم ایس) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال ملک نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے اہم خدشات کو دور کرنے میں ناکامی پر تیسرے یونیورسل پیریڈک ریویو (یو پی آر)کے موقع پر بھارت کی رکنیت معطل کرے۔
غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ صرف عالمی برادری ہی بھارت کو جوابدہ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے شدید احتجاج کے باوجودبھارتی حکومت انسانی حقوق کے اہم خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرنے پر سول سوسائٹی کے دو سو سے زائد گروپوں کی تعریف کی اور کہا کہ دنیا کو کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔مشعل ملک نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے فسطائیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں لہذا عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیریوں کی جاری نسل کشی کو روکنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کو 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے کے لیے بھارتی حکومت پر دباو¿ ڈالنا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف جنیوا کنونشن بلکہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بھی خلاف ہیں۔