بھارت :منی پور میں بھارتی فوج کی گاڑی نے شہری کو کچل دیا
امپھال: بھارتی فورسز مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی شورش زدہ ریاستوں میں ایک حکمت عملی کے تحت عام شہریوں کو نشانہ بنارہی ہیں اوراسی حکمت عملی کے تحت بھارتی فوج کی گاڑی نے منی پور میں ایک شہری کوجان بوجھ کر کچل کر ہلاک کر دیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ سیناپتی ڈسٹرکٹ کونسل میں اس وقت پیش آیا جب 16 آسام رائفلز کی گاڑی نے 21سالہ مہینگم ہورم کو ٹکر مار دی۔ مہینگم کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہو گئی جبکہ فوجی ٹرک وہاں سے فرار ہوگیا۔ مہینگم کی بیوی نے گزشتہ روز ہی ایک بچے کو جنم دیا تھا۔یہ معلوم ہونے پر کہ گاڑی آسام رائفلز کی ہے اور وہ موقع سے فرار ہو گئی ہے ، لوگوں کی ایک بڑی تعداد پولیس سٹیشن پر جمع ہو گئی اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر ،منی پوراور بھارت کی دیگر شورش زدہ ریاستوں میں ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں اور پرتشدد کارروائیاںکر رہی ہے۔ ان علاقوں میں نافذکالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کے تحت بھارتی فورسز کو وسیع اختیارات حاصل ہیں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنیادی وجہ ہے۔ یہ صورتحال سنگین رخ اختیار کرتی جارہی ہے جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔