ضلع رامبن میں زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ خاندان نقل مکانی پر مجبور
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع رامبن کے علاقے پرنوٹ میں زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے متعدد خاندان نقل مکانی پر مجبورہوگئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شدید بارشوں کے بعد پرنوٹ میں زمین دھنس جانے کے باعث متاثرہ خاندانوں کو عارضی طور پر کمیونٹی سنٹر رامبن منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کئی خاندانوں نے محفوظ علاقوں میں اپنے رشتہ داروں اور ہمسایوں کے گھروں میں پناہ لی ہے۔ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چودھری نے کہاکہ زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد اب تک مجموعی طوپر 100خاندانوں کو ان کے مویشیوں سمیت متاثرہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثناء حکام نے بتایا کہ عارضی ریلیف کیمپ اور کمیونٹی کچن قائم کیے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل کمشنر جموں کی طرف سے بھیجے گئے ماہرین ارضیات کی ایک ٹیم نے علاقے کا سروے کیا۔ 5کلومیٹر تک زمین دھنسنے سے رامبن،گول سڑک بھی بند ہوگئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ پرنوٹ میں زمین دھنسنے سے تین سے چار ایچ ٹی ٹاورز اور پانچ درجن مکانات کو نقصان پہنچاہے۔ بعض مقامات پر 20سے 30میٹر تک زمین دھنس گئی ہے جس سے تمام زرعی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں جبکہ بڑی تعداد میں دیودار کے درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے۔