بھارتی تحقیقاتی اداروں کی طرف سے مزید 6کشمیریوں کوجائیدادوں کی ضبطگی کے نوٹس
جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے نے بانڈی پورہ، بارہمولہ اور پونچھ اضلاع میں6 اور کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر نے کیلئے نوٹسز جاری کئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پولیس کے ہمراہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقوں سوپور، بانڈی پورہ اوربارہمولہ کے علاقے اوڑی میں محمد عمر میر، حاشر رفیق پرے اور محمد جمیل شیر گوجری ،محمد اقبال خان کی رہائش گاہوں پر نوٹسز چسپاں کیے۔ایس آئی اے کے اہلکاروں نے پو نچھ میں دیگوار تروان اور کھاری کرمارہ کے علاقوں میں محمد ارشد اور محمد لیاقت کی رہائش گاہوں پر نوٹس چسپاں کر کے انہیں ایک ماہ کے اندر عدالت میں پیش ہونے کے لیے کہا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہیں پونچھ میں پرنسپل ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہونا پڑے ہوگا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد آج سے 30دن کے اندر خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں، اگر وہ پیش نہیں ہونگے تو ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔