جموں: قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ
جموں: بھارت کے غیر قانونی جموں و کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف جموں ایسٹ کالونی سے ریلوے سٹیشن تک مارچ کیا۔ انہوںنے ریلوے سٹیشن پر شدید احتجاج کیا ۔ انہوںنے بالٹیاں اٹھائی ہوئی تھیں۔ مظاہرین نے اس دوران ایک ریل بھی روک دی اوردھمکی دی کہ اگر ان کی کالونی میں پانی کے بحران کو فوری طور پر حل نہیں کیا گیا تو وہ مزید ٹرینوں کو بلاک کر دیں گے۔
مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں گزشتہ چار ماہ سے پانی کا مسئلہ درپیش ہے ، حکام مسئلہ حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر انکا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔