بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنا رہاہے ، ڈاکٹر غلام نبی فائی

مظفرآباد:ورلڈ فورم فار پیس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بدترین بھارتی مظالم کو اجاگر کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد میں ایک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی قابض انتظامیہ کے ظلم و بربریت ، فوجی تسلط اور معاشی اورثقافتی استحصالکا سامنا ہے ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں منظم طورپر اسلامی اقدار اور شناخت کو مٹانے کی نئی سازش کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہاکہ جموںو کشمیر کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے اسکولوں میں کشمیری زبان میں تعلیم پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ہندی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ڈاکٹر فائی نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ کشمیری ثقافت اور شناخت کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ کشمیر کے منفرد ثقافتی اور مذہبی ورثے کو مٹانے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے اور تعلیمی ادارے مسلسل ہندوتوا حکومت کے حملوں کی زد میں ہیں۔ڈاکٹر فائی نے کشمیری حریت قیادت اور سول سوسائٹی کی حالت زار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماء محمد یاسین ملک کو دوبار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اور مودی حکومت انکی عمر قید کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کررہی ہے ۔سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ تقریبا چار دہائیاں جیل میں گزار چکے ہیں، جبکہ حریت چیئرمین مسرت عالم کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے ان پر 35مرتبہ کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز جنہیں معروف امریکی جریدےTIMEمیگزین نے دنیا کے 100بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے بھی مسلسل غیر قانونی طورپر قید ہیں ۔تقریب سے انسٹیٹیوٹ آف کشمیر اسٹڈیز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا شفیق ،یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار، ماہر تعلیم اور کشمیری اسکالر ڈاکٹر ولید رسول اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔




