بھارت

گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹس پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا ء پریشان

imagesعلی گڑھ : بھارت میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء اور ریسرچ اسکالرز انتظامیہ کی طرف سے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹس پرسخت پریشان ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتظامیہ نے 16جون سے شروع ہونے والی گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلباء کو اپنے ہاسٹل خالی کرنے کے لئے کہا ہے۔ اس فیصلے سے خواتین طلباء اور ریسرچ اسکالرز میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ ان کے لئے سخت پریشانی کا باعث ہے۔طلبا کی ٹیمیں کئی بار وائس چانسلر اور رجسٹرار سے ملاقات کر چکی ہیں اور ہاسٹل میں رہنے کی اجازت مانگ چکی ہیں۔طلباء نے غیر قانونی رہائش کو روکنے میں انتظامیہ کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 50ڈگری کے درجہ حرارت میں ہاسٹل خالی کرنے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہوگا۔ایک سینئر طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ انتظامیہ جان بوجھ کر طلبا ء کو پریشان کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا امتحان 18جون کو ہے۔ ہاسٹل چھوڑ کر ہم کہاں جائیں، ہم بہار واپس نہیں جاسکتے کیونکہ امتحانی مرکز یہاں ہے۔اگرچہ انتظامیہ نے مسابقتی امتحانات دینے والے طلباء کے لیے ایک مخصوص ہاسٹل کا وعدہ کیا ہے ، تاہم طلباء شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے ابھی تک کوئی ہاسٹل نہیں بنایا اور ہمیں اپنے کمروں میں رہنے کی اجازت دی جائے۔ طلباء نے انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ عام طلباء کو سزا دینے کے بجائے غیر قانونی رہائشیوں کو براہ راست نشانہ بنائے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے مرکزی کیمپس اور ملاپورم، مرشد آباد اور کشن گنج کے مراکز کے لیے 16جون سے 30جولائی تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button