چندی گڑھ: اداکارہ کنگنا رناوت کو سی آئی ایس ایف اہلکارہ نے تھپڑمار دیا
چندی گڑھ :بھارتی فلم اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کے ساتھ چندی گڑھ ایئرپورٹ پر بدسلوکی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ انہیں سینٹرل انڈیسٹریل سیکورٹی فورس ( سی آئی ایس ایف) کی ایک لیڈی کانسٹیبل نے تھپڑ مار دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کنگنا رناوت سیکیورٹی چیکنگ کے بعد بورڈنگ کے لیے جارہی تھیں کہ اس دوران لیڈی کانسٹیبل کلویندر کور نے انہیں تھپڑ رسید کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کنگنا نے چندی گڑھ ائر پورٹ پرکسانوں کے مسئلے پر کوئی بات کی تھی جس سے سی آئی ایس ایف اہلکارہ نے غصے میں آکر انہیں تھپڑ مار دیا۔اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں کانسٹیبل کلویندر کورواقعے پر بات کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ کنگنا نے کسان احتجاج میں شرکت کرنے والی خواتین کی توہین کی اور کہا کہ کسان احتجاج میں حصہ لینے والی خواتین سو سو روپے کے عوض دھرنے میں بیٹھنے آتی ہیں۔
کلویندر کور نے کہا کہ ان کی ماں بھی کسان احتجاج میںشامل تھیں۔ کور نے کہا کہ کنگنا کے اس بیان سے اسے سخت افسوس ہوا کہ وہ کس طرح ہماری ماوں کی توہین کرسکتی ہے۔ کانسٹیبل کلویندر کو بعدازاں حراست میں لیا گیا۔