میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے کشمیری پنڈتوں کو کھیر بھوانی میلے کی مبارک باد
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری پنڈتوں کے اہم مذہبی تہوار میلہ کھیر بھوانی کے موقعہ پر کشمیری پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وطن واپس آئیں ان کا خیر مقدم کیاجائیگا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے آج مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کو جموں وکشمیر واپس آنے کی دعوت دی اور کہاکہ انہیں ماضی کی طرح کشمیری معاشرے کے ایک حصے کے طور پر یہاں زندگی بسر کریں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے علاوہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی کا مسئلہ بھی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کو اسی نقطہ نظر سے دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ہمارے صدیوں پرانے تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میرواعظین کشمیر کا پنڈت برادری کے ساتھ گہرا ربط رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی پر زور دیا ہے اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے ۔ میرواعظ نے بھارتی حکمرانوں پر زوردیاکہ وہ کشمیریوں کے مسائل اورانکے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کریں اورتمام مسائل کو حل کرنے کیلئے بامعنی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے پلوامہ میں ایک36سالہ کشمیری کے دوران حراست قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی پر زوردیا۔ انہوں نے گزشتہ ہفتہ مزیدچار سرکاری ملازمین کی برطرفی پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے صرف کشمیریوں اور بھارت کے درمیان بداعتمادی اور خلیج مزید بڑھے گی ۔ میرواعظ نے عید الاضحی کی نماز اجتماعی طور تاریخی عیدگاہ سرینگر میں ادا کی جائیگی اور صبح 8 بجے سے مجلس وعظ و تبلیغ کاآغاز ہوگا۔