قصور میں سرحدپر2 شہریوں کی شہادت، پاکستان کا بھارتی ناظم الامورکو طلب کرکے شدید احتجاج
اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف )کے اہلکاروں کے ہاتھوں دو پاکستانی شہریوں کی موت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آج بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے واقعے پر شدید احتجاج درج کرایا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے گزشتہ روز قصور کے قریب سرحد پر لدھڑ گاں کے دو پاکستانی شہری فائرنگ کر کے شہید جبکہ ایک زخمی کر دیا تھا۔ بی ایس ایف نے بغیر کسی وارننگ کے ان پر فائرنگ کی تھی۔ تینوں افراد غیر مسلح تھے،شہید ہونے والوں کی شناخت عظمت رسول اور محسن جٹ کے نام سے کی گئی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے شہید ہونے والے شہریوں کو درانداز قرار دینے کی بھارتی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں انسانی حقوق بالخصوص حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے۔
پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے اور تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔
بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے، سرحدی معاملات سے متعلق دوطرفہ معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کی پابندی کرے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے







