غلطی سے کنٹرول لائن عبورکرنے والی آزادکشمیر کی سترہ سالہ لڑکی مقبوضہ جموں وکشمیر میں گرفتار
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں غلطی سے کنٹرول لائن عبورکرنے والی آزادجموں وکشمیر کی ایک17سالہ لڑکی کو گرفتارکرکے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام کاکہنا ہے کہ یہ واقعہ نوشہرہ کے لام سیکٹر میں پیش آیا جہاں کنٹرول لائن پر تعینات بھارتی فوجیوںنے ایک لڑکی کی نقل و حرکت دیکھی۔ وہ کنٹرول لائن عبور کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حدود میںداخل ہو ئی تھی جس پر بھارتی فوجیوں نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔حراست میں لی گئی لڑکی کی شناخت سمیہ عظیم دختر محمد عظیم کے طور پر ہوئی ہے، جوآزادکشمیر کے علاقہ کھوئی رٹہ کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ لڑکی کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے نوشہرہ پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ سمیہ عظیم سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ دورانِ تفتیش لڑکی نے بتایا کہ وہ جان بوجھ کر سرحد پار نہیں آئی بلکہ ر استہ بھول کر غلطی سے کنٹرول لائن عبور کر کے اس طرف آ گئی ہے۔







