ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبتِ لہو بن کر دوڑتی ہے، اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مریم نواز نے ”یومِ یکجہتی کشمیر “پر اپنے پیغام میں کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں،بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں،مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک،خطے میں پائیدار امن خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، ان شااللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔





