بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف، سڑک کی بحالی کے لئے اوڑی اورہندواڑہ میں مظاہرے
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ اورضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں لوگوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف اور سڑک کی بحالی کے مطالبے کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندواڑہ میں سینکڑوں مظاہرین محکمہ بجلی کے دفتر پر جمع ہوئے اور بجلی کے نرخوں میں دو گنا اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بتایاکہ بجلی کے نرخوان میں دوگنا اضافہ غریب اور مزدور طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے۔اسی طرح ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں سینکڑوں افراد نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کیا اور اسے ناقابل برداشت اورغیر منصفانہ قرار دیا۔اس کے علاوہ اوڑی کے علاقے گرکوٹ میں لوگوں نے لگما-گرکوٹ روڈ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیاجو مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے بند ہے جس سے طلبائ، خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مظاہرین نے حکام پر زوردیا کہ وہ ان کی شکایت کا ازالہ کریں۔ انہوں نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں احتجاج میں شدت لانے کا انتباہ دیا ہے۔