پی اے جی ڈی کا بھارتی صدر سے حیدر پورہ واقعے میں ملوث فوجیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
سرینگر 19 نومبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن ( پی اے جی ڈی )نے بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے نام خط میں ان پر زور دیا ہے کہ وہ حیدر پورہ جعلی مقابلے میں ملوث فوجیوں کو قانون کے مطابق سز ا یقینی بنائیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی اے جی ڈی نے خط میں لکھا کہ 15 نومبر کی شام سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں پیش آنے والے المناک واقعے نے عوام میں شدید غم و غصہ کو جنم دیا ہے۔اس بدقسمت واقعے میں شہری مشتبہ حالات میں مار دیے گئے۔ یہ واقعہ ایک معینہ مدت میں عدالتی تحقیقات کا تقاضاکرتا ہے تاکہ حقیقی حقائق بے نقاب ہو کر عوام کے سامنے آجائیں۔پی اے جی ڈی نے بھارتی صدر کو یاد دلایا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کی انتظامیہ ان کے نام پر لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ چلائی جا رہی ہے لہذا صدر پر ایک بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں اور بہیمانہ واقعے میں ملوث فوجیوں کو سزا دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔
دریں اثنا، سابق بھارتی وزیر خزانہ یشونت سنہا کی سربراہی میں قائم گروپ آف کنسرنڈ سٹیزن (جی سی سی) نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو خط لکھا ہے جس میں حیدر پورہ واقعے کی غیر جانبدارانہ، آزاد اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔