APHC-AJK

برہان وانی نے تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونکی، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

burhan

 

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید اور انکے ساتھیوں کو شہادت کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے ایک بیان میں برہان وانی شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر یوں کی آزادی کی جدوجہد ایک زندہ حقیقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کا نیتجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کو مسترد کر چکے ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کاسہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہی پائیدار حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں جاری بیانات میں کہا کہ برہان وانی کشمیر کا ایک عظیم بیٹا تھا جس نے بے مثال بہادری ، لگن اور انتھک محنت سے تحریک آزادی کشمیرمیں ایک نئی روح پھونکی ۔ انہوںنے کہا کہ شہید رہنما کو اپنے مشن کے ساتھ جنون کی حد تک عشق تھا جسکی بدولت اس نے بالآخر شہادت کا عظیم رتبہ پا لیا۔ انہوں نے کہا برہان وانی نے تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی ، وہ ایک نڈر، بےباک اور تعلیم یافتہ نوجوان تھا ۔ ان میں چھوٹی عمر سے ہی قائدانہ صلاحتیں موجود تھیں اور وہ آخر کار تحریک آزادی میں ایک نیا باب رقم کر گیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما نے کہاکہ شہداءکی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ، کشمیریوںکا فرض ہے کہ وہ اس اثاثے کی حفاظت کریں اور بھارت کے خلاف اپنی مزاحمت مقصد کے حصول تک جاری رکھیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button