عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بھارت کا محاسبہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے، مشعال
اسلام آباد:انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم کیلئے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے” کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت“ کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ عالمی مبصرین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ علاقے تک بلا روک ٹوک رسائی کی اجازت دے۔
انہوں نے ماہرین تعلیم، علمائے کرام اور صحافیوں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں زور دیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے بے گناہ کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کو بے نقاب کرنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔مشعال حسین ملک نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم کی مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت اقلیتوں کے حقوق چھیننے اور نام نہاد جمہوری اور سیکولر ملک میں ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کے لیے آر ایس ایس کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور علاقے میں انسانیت کے سنگین جرائم پر بھارت کامحاسبہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔