کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفدکی پنجاب کے وزیراقلیتی امور سے ملاقات
مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال ،بھارتی ظلم و بربریت سے آگاہ کیا
لاہور:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور وہاں جاری بھارتی ظلم و بربریت سے آگاہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد کررہے تھے ۔ وفد سے ملاقات کے دوران سردار رمیش سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی قابض فورسز کی طرف سے جاری نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔ حریت وفد نے اس موقع پر سردار رمیش سنگھ ارورڑہ کو 19جولائی بروز جمعہ کو یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے لاہور میں منعقد کی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔صوبائی وزیر نے خود اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام کارکنان کی ریلی میں بھرپور شرکت کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری بھی مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کی خواہاں ہے اور ہم اس مسئلے کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کی حکومت اور عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد میںانجینئر مرزا مشتاق ،زاہد صفی، زاہد اشرف اور محمد شفیع ڈار شامل تھے۔