پاکستان

فیلڈ مارشل کا دورہ امریکہ، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

اسلام آباد:پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر امریکا میں ہیں، جہاں انہوں نے امریکا کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کورِلا کی الوداعی تقریب اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کی چارج سنبھالنے کی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے جنرل کورِلا کی شاندار قیادت اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی قیمتی خدمات کو سراہا، جبکہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر انہوں نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے کے دوران آرمی چیف نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک مکالمہ کی نشست میں آرمی چیف نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر پراعتماد رہنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی، پاکستانی نڑاد کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
یاد رہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا رواں سال امریکہ کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ قبل ازیں آرمی چیف جون میں سرکاری دورے پر امریکا گئے تھے جہاں انہوں نے صدر ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاوس میں ظہرانے پر ان سے ملاقات کی تھی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button