اسلام آباد: فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ویبنار کا انعقاد
اسلام آباد:فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل نے ”یوم الحاق پاکستان“ کی مناسبت سے ایک ویبنار کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ویبنار میں فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب ، نائب چیئرمین عبدالحمید لون ،سماجی کارکن سادیہ ستار، اسلام آباد بار کونسل کے عتیق الرسول ، وردہ ہاشمی و دیگر شریک تھے ۔
غزالہ حبیب ، حمید لون اور دیگر مقررین نے ویبنار کے دوران کشمیریوں کی طرف سے آج سے 77 برس قبل پاس کی گئی ” الحاق پاکستان “کی قرارداد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے ذریعے کشمیریوں نے اپنا سیاسی مستقل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری قیادت نے یہ قرارداد پاکستان بننے سے بھی تقریباً ایک ماہ قبل منظور کی تھی ، تاہم شاطر بھارتی قیادت نے کشمیریوں کی خواہشات، امنگوں اور آرزﺅںکا گلا گھونٹ کر جموں وکشمیرمیں فوج اتار کر اسے پر قبضہ جما لیا ۔مقررین نے کہا کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط کے ٰخلاف بیش بہاقربانیاں دے رہے ہیں ، بھارتی مظالم انکے جذبہ آزادی اور مملکت خداد ادپاکستان کے ساتھ محبت کو ختم نہیں کر سکے اور وہ شہداءکے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان مشکلات و مسائل کے باوجود کشمیریوں کی آواز عالمی ایوانوں تک پہنچا رہا ہے ، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا زبردست حامی و کیل ہے ۔ ویبینار کے مقررین نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ظالم وجابر قوتوں کے ہاتھ شکست و رسوائی کے سوا کچھ نہیں آیا ، بھارت کو بھی ایک روز کشمیریوں کی آواز کے آگے سر تسلیم خم کر کے انہیں آزادی دینا پڑے گی۔