بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کر دیا ہے، حریت کانفرنس

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خود ارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد میں مصروف کشمیریوں پربھارتی فورسزکے وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں جاری ایک بیان کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں 10لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کررکھے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے پورے مقبوضہ علاقے کو مکمل طورپر ایک فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کردیا ہے ۔ بے لگام فورسز اہلکار علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور انکے وحشیانہ مظالم کیوجہ سے کشمیریوں کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیری مسلسل مشکلات سے پرُ زندگی گزار رہے ہیں ، مودی حکومت نے علاقے میں اظہار رائے کی آزادی سمیت کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کرر کھے ہیں۔ ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ کشمیر مکمل طور پر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت کے بل پر ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی کی ہٹ دھرمی کے سبب نہ صرف کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں بلکہ پورے خطے کا امن داﺅ پر لگا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ایک پر امن حل چاہتا ہے اور وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر لائے۔







