پاکستان

تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدارحل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا: شرکائے تقریب

اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء نے کہاہے کہ تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ اور پائیدارحل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنما الطاف احمد بٹ کی طرف سے بیرون ملک مقیم کشمیری رہنمائوں کے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیے کے شرکا ء نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فوجی فتح کا سفارتی طور پر بھی فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے بھارت کے مذموم عزائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم عالمی دارالحکومتوں سمیت اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور دیگرعالمی پلیٹ فارمز پر خصوصی وفود کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے بھارتی جارحیت، سرحدی خلاف ورزیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید ثبوت پیش کرنے کے لیے مندوبین کو جامع بریفنگ دی جانی چاہیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت اپنی ذلت آمیزشکست کے باوجود مکروہ پروپیگنڈے اور سازشوں کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے جھوٹی خبروں پر مبنی بھارتی مہمات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت پر زور دیا ،خاص طور پر سوشل میڈیا پرجہاں سچائی کو مسخ کرنے اور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو ان کی فیصلہ کن فتح اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر سراہا۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی ذرائع، میڈیا اور نچلی سطح پر ایک مربوط اور اسٹریٹجک بیانیہ ہی بھارت کے جھوٹے بیانیے کاموثر طریقے سے توڑ کرسکتا ہے اور دنیا کے سامنے اس کے حقیقی ایجنڈے کو بے نقاب کرسکتا ہے۔عشائیہ کے شرکا نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی اپیل کی کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں تعمیری کردار ادا کریں تاکہ پائیدار علاقائی امن کو یقینی بنایا جا سکے۔عشائیے میں محمد غالب، راجہ فہیم کیانی، مزمل ایوب ٹھاکر، چوہدری شعیب، فرحت میر، سردار عمران عزیز، شیخ عبدالمتین اور عبدالحمید لون سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button