کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر
کوٹلی:آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انور حق نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک تحریک آزادی کشمیر کوجاری رکھا جائیگا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انورحق نے ضلع کوٹلی کے علاقے تتہ پانی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدیدمذمت کی۔ انہوں نے امید ظاہر کیاکہ کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ علاقے میں آزاد ی کا سورج طلوع ہو گا اور کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔انہوں نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے بہادر کشمیریوں کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا ۔کشمیریوں کی جدوجہد میں آزاد کشمیر حکومت کی ہرممکن حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور حکومت بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ی کی جدوجہد میں اپنے مقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان موجود مضبوط سیاسی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی دونوں کا رشتہ اٹوٹ ہے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مودی حکومت سازشوں کے ذریعے پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان ہرگز دوریاں پیدا نہیں کرسکتی ۔