میرواعظ کا قابض انتظامیہ سے پر امن مظاہرین کی رہائی اور آزادی اظہار کے احترام کا مطالبہ
سرینگر :
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے پورے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی طرف سے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملے پر جس اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ غم و مذمت کا اظہار کیاہے ،وہ قابلِ تحسین اور ہمارے معاشرے کے زندہ ضمیر کی عکاسی کرتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نے ایک ملت کی حیثیت سے ظلم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر پورے خطے میں ہڑتال کی گئی جو ایرانی عوام سے بھرپور یکجہتی کا ایک پرامن اور موثر اظہار تھا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پرامن احتجاج اور مجروح جذبات کے اظہار کا حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔میرواعظ نے مظاہرین اور سوگواروں، جن میں خواتین اور کمسن افراد بھی شامل ہیں، کی گرفتاریوں پرسخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہیں افسوسناک اور بلاجواز قرار دیا۔میرواعظ نے احتجاج کرنے پر ایف آئی آرکے اندراج اور احتجاجی مظاہروں کی کوریج کرنے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصا فیس بک کی جانب سے صارفین کے اکاونٹس بند کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی ۔انہوں نے قابض حکام سے تمام گرفتار افراد کو فوری رہائی اور آزادی اظہار کو دبانے اور اس پر سزا دینے کی پالیسی پر سنجیدگی سے نظر ثانی کامطالبہ کیا ۔





