شبیر احمد شاہ کے والد نسبتی سرینگر کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کے والد نسبتی محمد اقبال راتھر طویل علالت کے بعد سرینگر کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ اس وقت نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں اور انہیں اپنے سسر کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ ڈوڈہ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
دریں اثناء ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی کے نظر بند چیئرمین اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ جمہوری ملک نہیں ہے کیونکہ اس اہم موقع پر بھی شبیر احمد شاہ کو اپنے والد نسبتی کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ پارٹی کے وائس چیئرمین محمود احمد ساغر نے اپنے تعزیتی پیغام میں شبیر احمد شاہ کے والد نسبتی کے انتقا ل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی۔