پاکستان کی حمایت پر کشمیری عوام کا اظہارِ تشکر، ‘تھینک یو پاکستان’ پوسٹرز چسپاں

سری نگر،: پاکستان کے یومِ یکجہتی کشمیر کی آمد سے قبل غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے شکریہ پاکستان کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے پاکستان کی مسلسل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت پر کشمیری عوام کے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان پوسٹرز پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی تصاویر موجود ہیں۔ پوسٹرز پر درج نعروں میں ”تھینک یو پاکستان”، ”خون اور ایمان کا رشتہ” اور ”پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا ہے، عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے” شامل ہیں۔پوسٹرز کے ذریعے کشمیری عوام کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی ہر صورت جاری رکھیں گے اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پوسٹرز میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ دو قومی نظریے کے مطابق جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جبکہ بھارت نے اکتوبر 1947 سے اس کے ایک حصے پر ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔
واضح رہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔پوسٹرز کے ذریعے کشمیری عوام کے اس پختہ عزم کو بھی دہرایا گیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔یومِ یکجہتی کشمیر پہلی بار 5 فروری 1990 کو منایا گیا تھا جب پاکستان کی تمام سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔






