راہل گاندھی کے سچ بولنے سے بی جے پی کا پورا نظام گھبرا گیاہے اور لڑکھڑا رہا ہے ، کانگریس
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنمائوں نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی دورہ امریکہ کے دوران مودی حکومت پر کڑی تنقید کا دفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ راہل گاندھی کے سچ بولنے سے بی جے پی گھبراہٹ کا شکار ہے اور پورا نظام لڑکھڑارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بھارتیہ جنتاپارٹی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ بیرون ملک بی جے پی یا وزیر اعظم نریندر مودی کی مذمت بھارت کی مذمت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ راہل گاندھی کے سچ سے بی جے پی کاپورا نظام گھبرایا ہوا ہے اور لڑکھڑا رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کی خوف کی سیاست ناکام ہو گئی ہے اور کوئی بھی انھیں یا ان کے حکمران اتحاد کو سنجیدگی سے نہیں لیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ راہل گاندھی نے بارہا بی جے پی اورآر ایس ایس کی نفرت اور تقسیم کی خطرناک سیاست کوبے نقاب کیا ہے ۔وینوگوپال نےکہا کہ بی جے پی کوخود پر تنقید کو تعمیری طورپر دیکھناچاہیے نہ کہ جب اسے آئینہ دکھایا جائے تو وہ غصے میں آجائے۔اس سے قبل کانگریس کے میڈیا سیل کے چیف پون کھیڑا نے بھی ایک بیان میں لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے راہل گاندھی کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ ایک آزاد ادارے کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی 79نشستوں پر بے ضابطگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ملک میں حجاب کی مخالفت کررہی ہے اور آگر آج حجاب پر پابندی کا معاملہ ہے تو کل بات سکھوں کی پگڑی تک پہنچ سکتی ہے ۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب میں مودی کی بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے 2024کے لوک سبھا انتخابات کی ساکھ اورشفافیت پر سوال اٹھایاہے۔KMS-Y