میرواعظ کی طرف سے کشمیری عوام سمیت عالم اسلام کو عید میلاد النبیۖ کی مبارکباد
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے عید میلاد النبیۖکے موقع پر کشمیری عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں اپنی رہائش گاہ سے جہاں وہ نظربند ہیں ، ایک پیغام میں کہاکہ پیغمبر اسلامۖ کی تعلیمات نے انسانی زندگی کوتبدیل کرکے رکھ دیاہے۔انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ عالمی اور مقامی بحرانوں پر قابو پانے کے لیے آپۖ کی مثالی زندگی سے سبق حاصل کریں۔میرواعظ نے 17ستمبرکے بجائے 16ستمبرکو تعطیل کا اعلان کرکے کنفیوژن پیدا کرنے پر قابض انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مسلمانوں اور ان کے مذہبی جذبات کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیۖ دراصل اس سال 17ستمبر بروز منگل کو ہوگی۔عیدمیلاد النبی پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کی یادمیں ربیع الاول کی 12ویں تاریخ کو منائی جاتی ہے۔یہ دن بہت زیادہ روحانی اہمیت کا حامل ہے اور دنیا بھر کے مسلمان نبی کریمۖ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں، خصوصی دعائیں کرتے ہیں،صدقات و خیرات دیتے ہیں اور مساجد اور گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں اور سبز جھنڈوں سے آراستہ کرتے ہیں۔