وزاتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر منانے کیلئے تیاریاں جاری
اسلام آباد03فروری(کے ایم ایس)
وزاتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیر اہتمام 5فروری برو زاتوارکو یوم یکجہتی کشمیربھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس وزارت تعلیم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت تعلیم کے زیرِ اہتمام تمام محکمے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔وفاقی وزیر نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے کانفرنسز، یکجہتی واک، سیمینارز، پینل ڈسکشن، ٹاک شوز اور مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر یوں کے شانہ بشانہ ہیں اور ظلم و تشدد، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل اور کشمیریوں کے حقوق اور خواہشات کے احترام کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم کشمیر کے عوام کی بیداری اور مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ان کی آوازدنیا بھر میں سنی جائے اور ان کے حقوق کا احترام کیا جائے۔