بھارت ڈھونگ انتخابات کے ذریعے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے، شبیر شاہ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک بیان کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ، کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے اور اب نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچا کر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نسل کشی، آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، بھارتی فوجی انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کر رہے ہیں۔
انہوںنے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی ہتھکنڈوں اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔