قابض انتظامیہ نے مزید 2کشمیری سرکاری ملازمین کو معطل کر دیا
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضری کا بہانہ بناکر مزید دو سرکاری ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اقدام مقبوضہ علاقے میں مختلف بہانوں سے کشمیری سرکاری ملازمین کی معطلی، تبادلوں اور برطرفی کی جاری مہم کا حصہ ہے۔ معطل کیے گئے ملازمین میں زونل ایجوکیشن آفس ڈڈو کے ہیڈ اسسٹنٹ کلبھوشن کول اور گورنمنٹ پرائمری سکول کوٹھی کے استاد جسونت سنگھ شامل ہیں۔ کلبھوشن کول کو عام انتخابات میں پریزائیڈنگ آفیسر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا لیکن وہ تربیتی سیشن میں شرکت کرنے میں ناکام رہے۔یہ معطلی رواں ماہ کے اوائل میں چیف الیکٹورل آفس کی جانب سے اسی طرح کی وجوہات پر 21سرکاری ملازمین کو معطل کئے جانے کے بعد کی گئی ہے۔ ان معطلیوں سے معمولی الزامات پر مقامی ملازمین کو نشانہ بنانے کے بھارتی حکام کے مذموم عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔