مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ کشمیر:ہائی کورٹ نے کشمیری شہری کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردیدی
سرینگر07 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظربندی کو کالعدم قراردیتے ہوئے اسکی رہائی کا حکم جاری کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جسٹس جاوید اقبال وانی پر مشتمل ہائی کورٹ کے بینچ نے کشمیری شہری جنید احمد ڈار کی پی ایس اے کے تحت نظربندی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو اسکی فوری رہائی کا حکم جاری کیا۔ جنید نے رواں سال6اپریل کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شوپیان کی طرف سے جاری نظربندی کے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیاتھا ۔ہائی کورٹ کے جج نے دونوں اطراف کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد شہری جنید احمد ڈار کی رہائی کا حکم جاری کیا۔