رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس کی طر ف سے خرم پرویز کی فوری رہائی کا مطالبہ
واشنگٹن ڈی سی 29 نومبر (کے ایم ایس)
امریکہ میں قائم انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس نے کشمیری انسانی حقوق کے علمبردا رخرم پرویز کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے 22نومبر کوخرم پرویز کوسرینگر سے گرفتار کیاتھااور ان پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالاقانون یو اے پی اے کے علاوہ مجرمانہ سازش سمیت تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کو لاگو کر دیاتھا۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم نے ایک بیان میں کہاہے کہ جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے کوآرڈینیٹر اور ایشین فیڈریشن اگینسٹ انوولنٹری ڈسپیئرنس کے سربراہ کے طور پرخرم پرویز نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا اور متاثرین کو مدد فراہم کی ۔ خرم پرویز کیلی فورنیا یونیورسٹی، برکلے کے سینٹر فار ریس اینڈ جینڈر میں سیاسی تنازعات، جنس اور عوامی حقوق کے ایک ممتاز سکالر ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبرمیں این آئی اے نے مقبوضہ علاقے میں کئی انسانی حقوق کے علمبرداروں ، غیر سرکاری تنظیموں اور صحافیوں کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے۔رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس کی صدر کیری کینیڈی نے کہاہے کہ خرم پرویز نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بڑی بہادری سے دستاویزی شکل دی ہے اور متاثرین کو انتہائی ضروری مدد فراہم کی ہے۔