بی جے پی دور حکومت میں1لاکھ کسانوں نے خودکشی کی، سماج وادی پارٹی
لکھنو:بھارت میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ جب سے بھارتیہ جنتاپارٹی اقتدار میں آئی ہے ملک میںتقریباً ایک لاکھ کسان خود کشی کر چکے ہیں ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے ایک بیان میںکہا کہ کسانوں کا مینمم سپورٹ پرائس( ایم ایس پی)کا مطالبہ بالکل جائز ہے لہذا یہ نافذ ہونا چاہیے اور اسکی قانونی گارنٹی بھی ہونی چاہیے کیونکہ زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر ملک میں کسان اور زراعت برباد ہو گی تو اسکا معیشت پر بھی برا اثر پڑے گا۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، ہم نے آئین اور جمہوریت کو بچانا ہے ، اگر ہم نے اپنی جموریت بچانی ہے تو بی جے پی کا صفایا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ جو آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ 2014میں اقتدار میں آئے تھے وہ 2024میں اقتدار سے باہر جانے والے ہیں۔ انہوں نے کہا ہٹلر بھی دس برس کچھ عرصہ اقتدار میں رہا تھا اور اب مودی کے بھی دس برس پورے ہوچکے ہیں لہذا اب انہیں بھی جانا ہے۔