کینڈین حکومت کا ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے سلسلے میں بھارتی ہائی کمشنر سے پوچھ گچھ کا فیصلہ
اوٹاوا: کینیڈین حکومت نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے سلسلے بھارتی ہائی کمشنر اور دیگر کئی بھارتی سفارت کاروں کو پوچھ گچھ کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کیا۔ کینیڈا نے اس حوالے سے بھارتی حکومت کو باضابط طور پر ایک خط لکھا ہے۔ خط کی بھارتی حکام نے بھی تصدیق کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں کینیڈا سے ایک سفارتی خط موصول ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر اور دیگر سفارت کار پوچھ گچھ سے متعلق معاملے میں”مطلوب “ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارتی حکومت کینیڈا کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے ۔
خالصتان نواز سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون 2023 کو برٹش کولمبیا کے سرے میں ایک گوردوارے کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد، کینیڈا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھارتی نژاد چار افراد کو نجار کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا۔نجر کے قتل کے بعد سے بھارت اور کینیڈا کے تعلقات انتہائی تناﺅ کا شکار ہیں۔
دریں اثنا بھارت نے کینیڈاکے خط کے بعد ہائی کمشنر اور دیگرسفارتکاروںکو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔