ہندوتوا غنڈوں نے گجرات یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد روک دیا
گاندھی نگر16 مارچ (کے ایم ایس)بھارتی ریاست گجرات کے شہر وڈودرا Vadodaraمیں مہاراجہ سیا جی راو¿ یونیورسٹی (ایم ایس یو) نے ایک سیمینار اس وقت منسوخ کر دیا جب ہندوتوا تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے غنڈوں نے اس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی نئی دہلی کے ایک پروفیسر کی شرکت پر سخت اعتراض کیا۔
ایم ایس یو کی فیکلٹی آف سوشل ورک کی طرف سے منعقد کیے گئے سیمینار کے مقررین میں سے ایک جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے شعبہ سماجی کام کے پروفیسر زبیر مینائی تھے۔ سیمینار شروع ہونے کے فوراً بعد راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے منسلک ایک طلبہ تنظیم – اے بی وی پی کے ارکان موقع پر پہنچ گئے اور ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگانے لگے۔ انہوںنے سیمینار میں شدید خلل ڈالا جس سے منتظمین اسے منسوخ کرنے پر مجبور ہو گئے۔ اس حوالے سے وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں اے بی وی پی کے ارکان کو فیکلٹی آف سوشل ورک کی ڈین ڈاکٹر بھاونا مہتا سے تکرار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اے بی وی پی کے ارکان نے کہا کہ مینائی بھارت مخالف بیانات کیلئے مشہور ہیں لہذا یونیورسٹی منتظمین نے انہیں کیوں مدعو کیا ۔ اے بی وی پی کے ایم ایس یو یونٹ کے صدر دھرو پاریکھ نے کہاکہ اے بی وی پی بھارت مخالف ذہنیت رکھنے والے لوگوں کوکبھی برداشت نہیں کرے گی۔