بھارت کے اہم اداروں کو ہندوتوا کارکنوں کی منظم دراندازی کے ذریعے تباہ کیا جارہاہے، کانگریس
نئی دلی: بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کے اہم ترین پیشہ ورانہ اداروں کو ہندوتوا آر ایس ایس کارکنوں کی منظم دراندازی کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش نے نئی دلی میں ایک بیان میں انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ میں مبینہ "بے ضابطگیوں” کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مئی 2014 میں بی جے پی کی زیر قیادت مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد سے ملک کے پیشہ ورانہ اداروں میں ہندوتوا آر ایس ایس کے کارکنوں کی منظم دراندازی جاری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انڈین کونسل آف ہسٹوریکل ریسرچ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات سنٹرل ویجی لنس کمیشن کررہا ہے اور یہ کم سے کم 14کروڑ روپے کا اسکینڈل ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس اسکینڈل میں آر ایس ایس کی تنظیم اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنا ملوث ہے۔سینٹرل ویجی لنس کمیشن نے بدعنوانی میں ملوث اکھل بھارتیہ اتہاس سنکلن یوجنا کے بعض ارکان کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت دی ہے۔







