بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، مشعال ملک
اسلام آباد:
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
مشعال ملک نے پیر کوبھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اسلام آباد میں ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کشمیریوں سمیت اقلیتوں کے خون کی لت لگ گئی ہے اورعالمی برادری ے بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیری کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم سب سکھ برادری کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی دہشت گردی پوری دنیاکے سامنے ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان اور دیگر ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس میں پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف سب کو مل کر بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے اورکشمیری قوم ہمیشہ سے سول سوسائٹی کی جانب سے آواز بلند کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں بھی دو سکھوں کو نشانہ بنایاگیا۔انہوں نے کہاکہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بہت اچھا بیان دیا ہے بھارت کو عالمی منڈی سمجھ کر ماضی میں خاموشی اختیار کی گئی تاہم اب بھارت کی طرف سے سر عام دھمکیاں دی جارہی ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کا بیرون ممالک میں دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے،بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کا کینسر پھیلارہا ہے،ہم نے ڈرنا نہیں بھارت کو بے نقاب کرنا ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام بھارتی مظالم کا شکار تمام لوگوں کے ساتھ ہے۔