پاکستان کی طرف سے سرینگر میں محرم الحرام کے روایتی جلوسوں پرقدغن کی شدید مذمت
اسلام آباد08اگست(کے ایم ایس )
پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے سرینگر میں محرم الحرام کے پرامن روایتی جلوسوں پر قدغن کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں پر ان پابندیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے جس کے ذریعے انہیں اپنے عقیدے پر عمل کرنے اور خصوصی مذہبی مواقع پر جمع ہونے سے روکا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ پاکستان نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندیاں لگانا مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور شدید تعصب کی عکاسی ہوتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کے یہ اقدام کشمیریوں کے مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی بھی صریحا خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کو عبادت اور پرامن جلوس نکالنے کے حق سے محروم کرنا ، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں پر بھارت کے جاری حملے کی ایک اور مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بی جے پی۔آر ایس ایس کی ہندوتوا کے نظریات پر مبنی سوچ کا بھی عکاس ہے۔ پاکستان عالمی برادری، اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور کنونشنوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کے مذہبی حقوق اور آزادیوں کو دبانے پر بھارت کا محاسبہ کریں۔
واضح رہے کہ قابض انتظامیہ نے سرینگر میں آٹھویں اور نویں محروم الحرام کے روایتی جلوسوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے۔