حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بڑ ھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خاتمے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائوڈالے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی او ر سینئر رہنمائوں محمد فاروق رحمانی ، محمود احمد ساغر اور سید یوسف نسیم نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کارروایوں ، گھرگھر چھاپوں ، املاک کی تباہی اور بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری کا مذموم سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر ہونے کے اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کے وحشیانہ مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
ادھرپاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے مظفرآباد میں جاری ایک بیان میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ ، ہیومن رائٹس واچ ، یونائیٹڈ نیشن ہیومین رائٹس کمیٹی ، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ عزیر احمد غزالی نے کہاکہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے اور انکی رہائی کیلئے تصویری نمائش اور "کشمیری نظربندوں کو رہا کرو” کے عنوان سے مہم چلائی جائے گی ۔