پاکستان بھارت میں اقلیتوں پر ظلم وستم کیخلاف عالمی سطح پر اجتماعی ردعمل کے حصول کیلئے کوششاں ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد 10 جون (کے ایم ایس) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف اجتماعی ردعمل حاصل کرنے کے لیے عالمی برادری سے رابطہ کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بھارت پر زور دیا کہ وہ اخلاقی جرا¾ت کا مظاہرہ کرے اور حکمراں جماعت بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے کئے گئے تضحیک آمیز ریمارکس کی واضح الفاظ میں مذمت اور انکے احتساب کیلئے واضح اور قابل عمل اقدامات کرے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت میں توسیع کی مخالفت کی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا پاکستان سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات کی حمایت کرتا ہے جو کونسل کو مزید جمہوری اور شفاف بنا سکتی ہیں۔