بھارت : سبرامنیم سوامی کااڈانی اسکینڈل پر مودی سے استعفے کا مطالبہ
نئی دہلی: بھارت میں بی جے پی کے سینئر رہنما اور ماہر اقتصادیات سبرامنیم سوامی نے اڈانی گروپ پر رشوت ستانی کے الزامات کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر کے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے اڈانی کے خلاف رشوت ستانی اور سیکیورٹیز فراڈ کے الزامات کے بعد سبرامنیم سوامی کا بیان بی جے پی حکومت پر بڑھتے ہوئے دبا ئوکو ظاہر کرتاہے۔سوامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ مودی کو اب عوامی عہدے سے استعفی دینا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکی عدالتوں سے سامنے آنے والے شواہد بھارتی حکومت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔سوامی نے کہا کہ مودی کا استعفی ان کے اپنے موقف اور بی جے پی کے سیاسی مستقبل کو مزید نقصان سے بچائے گا۔سوامی نے 2024کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی ناقص کارکردگی کے لئے مودی کی غیر موثر قیادت کو ذمہ دارقراردیتے ہوئے اقتصادی پالیسی، بے روزگاری اور خارجہ امور جیسے بڑے قومی مسائل سے نمٹنے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے چین کے بارے میں وزیر اعظم کے متنازعہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے وادی گلوان پر تعطل کے دوران مودی کے بیانات پر اپنی تنقید کو دہرایا۔سوامی نے مودی کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہامودی نے” کوئی آیا نہیں”کہہ کر بھارت ماتا کو دھوکہ دیا ہے اورچینیوں کو کلین چٹ دے دی جنہوں نے اب تک لداخ کی 4,065مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کررکھا ہے۔سبرمنیم سوامی کا استعفیٰ کا مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اڈانی گروپ کو امریکہ میں سنگین الزامات کا سامنا ہے جن میں رشوت ستانی اور سیکورٹیز فراڈشامل ہے۔