مودی حکومت بھارت کو 1947جیسے فسادات کی طرف دھکیل رہی ہے، محبوبہ مفتی
جموں:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت ملک کو 1947جیسے فسادات کی طرف دھکیل رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے جموںمیں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت لوگوں کو روزگار ، تعلیم ،ہسپتال اور سڑکیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے لہذا اب یہ مساجد کے نیچے مندروںکو تلاش کرنے کے بہانے لوگوںکی توجہ ہٹانے کی کوشش رہی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ اترپردیش کے ضلع سنبھل میں حال ہی میں متعدد بے گناہ جوانوں کو مار دیا گیا اور جو بھی اس بہیمانہ واقعے کے خلاف بولنے کی کوشش کرے گا اسے عمر خالد کی طرح جیل میں ڈال دیا جائے گا، موجودہ حالات میںکوئی سننے والا نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ اجمیر شریف کی درگاہ کے حوالے سے بھی دعوی ٰ کیا گیا کہ یہ شیومندر پر تعمیر کی گئی ہے ، مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ، سکھ سمیت اور دیگر مذاہب کے لوگ 800 سال پرانی درگاہ پر جاتے ہیں لیکن یہ لوگ مندر کی تلاش میں اس عظیم درگاہ کو بھی کھودنا چاہتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگوںکو اس سب کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کی ضرورت ہے۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ اگر چہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی اتحادی حکومت ہے لیکن اصل میں بی جے پی کی بھارتی حکومت لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے یہاں حکومت کر رہی ہے۔