واقعہ کربلاظلم کے خلاف جدوجہد کانام ہے اوردرس حریت ہے: علی رضاسید
برسلز 08اگست (کے ایم ایس )
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ واقعہ کربلا ہمیں انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کا درس دیتاہے۔ واقعہ کربلاظلم کے خلاف جدوجہد کانام ہے اوردرس حریت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے مارد وطن کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضاسید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نے جوگزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی فوجیوں کی طرف سے وحشیانہ ظلم و تشدد، محاصرے اور گرفتاریوں کا سامنا کررہے ہیں، کربلا کی عظیم قربانی سے درس حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کربلا ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدارجدوجہد کاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام انسانوں کے لیے ایک سبق ہے۔ واقعہ کربلانے ثابت کیا ہے کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہیں۔علی رضا سید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں گذشتہ طویل عرصے کشمیریوںکو مشکلات کا سامنا ہے اور مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں پر محرم الحرام کے جلوسوں نکالنے اور اجتماعات پربھی پابندی ہے۔ تین سال قبل مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق ارادیت کے حصول کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور بھارتی فوج کے مظالم سے ان کے حوصلے کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سچ کی طاقت بہت مضبوط ہے اور یہ دشمن پر غالب آجاتی ہے۔ علی رضا سید نے کربلا کے میدان میں امام حسین اور ان کے ساتھی تعداد میں دشمن کے مقابلے میں بہت کم تھے اور ان کے پاس جنگی سازوسامان بھی معمولی تھا لیکن وہ بہادری کے ساتھ یزید کے اس بڑے فوجی لشکر سے لڑے جو اپنے زمانے کے جدید اسلحہ سے لیس تھا۔ یزید کا ہزاروں کا لشکرتھا جبکہ امام عالی مقام کے 72جانثارتھے۔ آخر کار حق کو باطل پر فتح نصیب ہوئی۔ حق و باطل کے مابین جنگ میں حق کی برتری ہمیں قربانی اور خودی کا درس دیتی ہے ۔علی رضا سید نے کہا کہ ہم کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبردآزماہوسکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیداکرناہوگااور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا۔ بھارت کب تک ظلم و ستم ڈھاتا رہے گا۔ وہ دن دورنہیں جب کشمیریوں کو فتح اورآزادی نصیب ہوگی۔