ہندوتوا آر ایس ایس اور بی جے پی بھارت کے تمام اداروں پرقابض ہیں، راہل گاندھی
نئی دلی:
بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنمااور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ہندوتوا تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے زیر اثر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک کے تمام اداروں پرقبضہ کر رکھا ہے اور کانگریس خود بھارت کو مودی حکومت سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہل گاندھی نے کانگریس پارٹی کے نئے ہیڈکوارٹر اندرا بھون کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ بھارت ہزاروں برس سے سنگھ پریوار کے خلاف لڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا نظریہ، آر ایس ایس کے نظریے کی طرح، ہزاروں سال قدیم ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ آج بی جے پی اور آر ایس ایس نے بھارت کے تمام اداروں پر قبضہ کررکھا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اب ہم بی جے پی، آر ایس ایس اور خود بھارتی ریاست سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے حالیہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ووٹرلسٹوں میں ردوبدل پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے الیکشن کمیشن کی طرف سے ریاست میں تقریبا ایک کروڑ نئے ووٹرزکے اندراج پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔راہل گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی اورآر ایس ایس کے زیراثر ہے اوروہ دونوں تنظیموں سے وابستہ ہندوتوا سیاست دانوں کی نفرت انگیز تقاریر کو مسلسل نظر انداز کررہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی حکومت کی طرف سے اقلیتوں، دلتوں، پسماندہ طبقوں اور قبائلیوں کی آواز کو دبانے پر کڑی تنقید کی ۔راہل گاندھی نے کہاکہ بی جے پی چاہتی ہے کہ بھارت کو صرف ایک آدمی(نریندر مودی) کے ذریعہ چلایا جائے اور مسلمانوں، دلتوں، اقلیتوں، پسماندہ طبقوں اور قبائلیوں کی آوازوں کو کچلنا اسکا ایجنڈا ہے۔