سرینگر :خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے گرمائی دارلحکومت سر نگر میں آج خصوصی افراد کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کا اہتمام مقبوضہ کشمیرہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے پریس انکلیو سرینگر میں کیا تھاجس میں خصوصی افراد سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مظاہرین نے مقبوضہ علاقے میں خصوصی افراد کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات پر زوردیا۔ بینرز اٹھائے اور نعرے بلند کرتے ہوئے مظاہرین نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات پر زوردیا۔انہوں نے ماہانہ پنشن کو ایک ہزار سے بڑھا کر پانچ ہزار کرنے ، آسان شرائط پر قرض کی فراہمی اورخصوصی افراد کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا۔اس موقع پر مظاہرین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خصوصی افراد کی بہتری اورفلاح و بہبود کے لیے پالیسیوں کے موثر طور پر نفاذ کا بھی مطالبہ کیا ۔