بھارتی چینلز پر پابندی کیلئے بنگلہ دیش ہائی کورٹ میں درخواست دائر
ڈھاکہ: بنگلہ دیش ہائی کورٹ میں بھارتی ٹی وی چینلزکی نشریات پر پابندی عائد کرنے کیلئے ایک رٹ پٹیشن دائر کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایڈووکیٹ اخلاص الدین بھوئیاں کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں بنگلہ دیش کی ثقافت اور معاشرے پربھارتی میڈیا کے منفی اثرات کے خدشات کوحوالہ دیتے ہوئے کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک آپریشن ایکٹ 2006 کے تحت سٹار پلس،سٹار جلسہ، زی بنگلہ، ریپبلک بنگلہ اور دیگر بھارتی چینلز پر پابندی عائد کرنے کامطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں کہاگیاہے کہ بھارتی چینلز کے ذریعے نشر کیا جانے والا مواد اشتعال انگیز، غیر منظم اور بنگلہ دیشی ثقافتی اقدار کے خلاف ہے ، جس سے ملک کے نوجوانوں پر منفی اثر پڑرہا ہے۔درخواست میںاطلاعات اور امورداخلہ کی وزارتوں اور بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن کو فریق بنایاگیاہے۔یہ درخواست بنگلہ دیش میں بھارتی چینلز کی جانب سے ہندو برادری کو مبینہ طور پر اکسانے کے پیش نظر دائر کی گئی ہے۔