مقبوضہ کشمیر : گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے بھارتی فوجی کمانڈو کی لاش برآمد
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے دو فوجی کمانڈوز میں سے ایک کی لاش برآمدہوئی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کوکرناگ کے جنگل کے علاقے گڈول میں گزشتہ روز تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران دو پیراکمانڈوز لاپتہ ہو گئے تھے ۔جن میں سے ایک کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔تاہم ہلاک ہونے والے فوجی کمانڈو کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جو علاقے میں ایک برفانی تودے یا برفانی طوفان کی زد میں آنے کی وجہ سے ہلاک ہو اہے ۔مذکورہ فوجی کمانڈو کی شناخت اس کی سروس رائفل اور دیگر سامان سے کی گئی ہے ۔ فوجی علاقے میں گزشتہ ہفتے شروع کئے گئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں شامل تھا جب گزشتہ روز اس کا ایک اور کمانڈو کے ہمراہ ساتھی اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہو گیاتھا۔بھارتی فوج کے ایک سینئر افسر نے فوجی کمانڈو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے لاپتہ کمانڈو کی تلاش جاری ہے ۔







