بی جے پی لیڈر کی طر ف سے کیرالہ کو منی پاکستان قراردینے پر تنازعہ

ممبئی :بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور ریاست مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے کانگریس رہنمائوں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی انتخابات میں کامیابیوں کے بعد کیرالہ کو "منی پاکستان” قرار دے کر ایک نیاتنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پونے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نتیش رانے نے کہاکہ کیرالہ ایک منی پاکستان سے کم نہیں ہے کیونکہ وہاں سے راہل گاندھی اور ان کی بہن انتخابات میں منتخب ہوئے ہیں۔کانگریس اور انڈیا بلاک کے لیڈروں نے اس بیان پر ہنگامہ کرتے ہوئے نتیش رانے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے بی جے پی لیڈر کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کیا اس طرح کے بیانات کے بعد بی جے پی کیرالہ سے کبھی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔نیشنل کانگریس پارٹی(شرد پوار دھڑے)کے ترجمان کلائیڈ کرسٹو نے نتیش رانے کے بیان کی مذمت کی اور کہاکہ بی جے پی کو واضح کرنا چاہیے کہ کیا وہ ان بیانات کی تائید کرتی ہے۔








