اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پرپاکستان کی دو سالہ مدت یکم جنوری سے شروع ہوگی
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پرپاکستان کی 2025-26 کے لئے دو سالہ مدت یکم جنوری سے شروع ہوگی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر دنیا کو درپیش کلیدی چیلنجزسے نمٹنے میں فعال اور تعمیری کردارادا کرے گا۔پاکستان 15 رکنی سلامتی کونسل کا آٹھویں بار غیر مستقل رکن منتخب ہوا ہے ۔ جون میں پاکستان سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوااور جنرل اسمبلی کے 193رکن ممالک میں سے 182ممالک نے پاکستان کو ووٹ دیے جو مطلوبہ دو تہائی اکثریت سے کہیں زیادہ ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت میں سلامتی کونسل میں اپنی دو سالہ مدت کا آغاز کر رہے ہیں جب عظیم جغرافیائی سیاسی انتشار، دو بڑی طاقتوں کے درمیان شدید مسابقت ، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر جگہوں پر شدید جنگیں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی ہتھیاروں کی دوڑ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگوں کو روکنے،بحرالکاہل میں تنازعات کے پر امن انداز میں حل کو فروغ دینے اور دشمنیوں کے منفی اثرات ، ہتھیاروں کی دوڑ، نئے ہتھیاروں اور تنازعات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے فعال اور تعمیری کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے دیگر فورمز پر جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو درپیش سرحد پار دہشت گردی، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے، جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے عدم توازن جیسے خطرات پر اپنی توجہ مرکوز کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اپنے خلاف سٹریٹجک ڈیٹرنس کے حوالے سے عائد امتیازی پابندیوں سے نمٹنے پر بھی توجہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان کے پاس اقوام متحدہ میں ایک اچھی تربیت یافتہ اور پروفیشنل ٹیم ہے جو ان چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں ہماری موجودگی کو محسوس کیا جائے گا۔ پاکستان جاپان کی جگہ لے گا جس کے پاس اس وقت سلامتی کونسل میں ایشیائی نشست ہے اور جو بین الاقوامی امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کا ایک بنیادی ادارہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان 1952-53، 2012-13, 2003-04, 1993-94, 1983-84, 1976-77, 1968-69 کی مدت کے لئے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہو چکا ہے ۔ اس حیثیت میں پاکستان نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور گزشتہ 50سال کے دوران پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔